لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی 100 فیصد عوام کی ترجمانی کر رہی ہے، نگران حکومت آئین کے مطابق ذمہ داری نبھاتے ہوئے شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے ملاقات کی ،ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، اقلیتوں کے تحفظ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہے کہ اسلام اور ہمارے ملک کا آئین اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، تمام آسمانی کتابوں پر ایمان لائے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، جب تک ہمارے پرچم میں سفید رنگ کی پٹی نہ ہو ہمارا پرچم مکمل نہیں ہوتا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام اور ہمارے ملک کا آئین اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، جماعت اسلامی 100 فیصد عوام کی ترجمانی کر رہی ہے، نگران حکومت آئین کے مطابق ذمہ داری نبھاتے ہوئے شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں چور بازاری اور مینجمنٹ کے مسائل ہیں، ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ حیران کن ہے، چینی کی قیمت 215 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، عام آدمی پوچھتا ہے پٹرول تو باہر سے درآمد ہوتا ہے مگر چینی کیوں مہنگی ہے، معیشت ٹھیک نہیں ہوتی تو سوسائٹی آہستہ آہستہ انارکی کی طرف جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں نگران حکومت کمزور ہوتی ہے، یہاں جتنی بھی حکومتیں تھیں شوگر مافیا، لینڈ مافیا اور دیگر تمام مافیاز ان کے ساتھ تھے، موجودہ نگران حکومت میں محدود کابینہ ہے ان کے ساتھ مافیاز والے لوگ نظر نہیں آرہے، ہم نے ہمیشہ اصولی بات کی، نگران حکومت آئین کے مطابق ذمہ داری نبھاتے ہوئے مقررہ مدت میں صاف وشفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے۔