چوہدری پرویز الہی کے پرویز خٹک بننے تک رہائی و گرفتاری کا عمل جاری رہے گا، حافظ حسین احمد

248

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان والوں کی طرح اب پرویز الہی بھی نامعلوم افراد کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں پرویز الہی کے پرویز خٹک بننے تک رہائی و گرفتاری کا عمل جاری رہے گا۔

سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہاکہ  پرویز الہی کل تک جن کی آنکھ کا تارہ تھے آج وہی ان کو آنکھیں دیکھا رہے ہیں اور وہ جن کے ضامن بنتے تھے آج وہی ان کی ضمانت ہونے نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر کا مہینہ کئی حوالوں سے ستمگر ثابت ہوگا، ستمبر میں ہونے والی تبدیلیوں کے بعد سیاستدانوں کا گھیرا تنگ ہوگا اس لیے اب آنے کا نہیں بلکہ باہر جانے کا وقت ہے،مہنگائی کس نے کی یہ سوال نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ اب مہنگائی پر قابو کیسے پایا جائے مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہوچکا ہے مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو عوام حکمرانوں کا جینا حرام کردے گی۔