بجلی بلوں اور مہنگائی کیخلاف گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے، پروفیسر محمد ابراہیم

1579

پشاور:امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف 18ستمبر سے گورنر ہاوس کے سامنے دھرنا دیں گے، دھرنا گورنر ہاوس گیٹ کے سامنے دیا جائے گا، اگر دھرنے کی اجازت نہ دی گئی تو پھر دیکھا جائے گا۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ  ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت میں مہنگائی بڑھنے لگی، پی ڈی ایم کی حکومت میں بھی مہنگائی بڑھنے کا سلسلہ جاری رہا، شٹر ڈان ہڑتال اور گورنر ہاوسز کے سامنے دھرنوں کے بعد اگلے مرحلے میں پہیہ جام ہڑتال کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ  بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کی بھرمار ہے، جب ان کے پاس ٹیکسوں کے نام ختم ہوگئے تو “مزید ٹیکس” کے نام سے ٹیکس شامل کردیا۔ سیاسی لوگوں سے پاکستانی خزانے سے لوٹا ہوا مال اب ڈالرز اور زیورات کی شکل میں برآمد ہو رہا ہے، جس کسی سے جو بھی برآمد ہوا ہے وہ قومی خزانے میں جمع کرایا جائے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ2 ستمبر کی ہڑتال کی پاداش میں جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ گورنر اور وزیر اعلی کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ یہ پرچے آپ کے کسی کام نہیں آئیں گے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کے خلاف ایف آئی آرز اور پرچوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو جیل بھرو تحریک بھی شروع کرسکتے ہیں، پھر ان کے جیل تنگ پڑجائیں گے۔