مایوس نہ ہوں، نواز شریف عوام کی امید ہے، مریم نواز

245

پشاور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام مایوس نہ ہوں، نواز شریف عوام کی امید ہے۔

پختونخوا میں صوبائی ، ڈویژن اور ضلعی  سطح پر پارٹی کی تنظیمی کمیٹیوں کی تشکیل اور یوتھ کوآرڈینیٹرز کے تقرر کے موقع پر  گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے تو ان کے آنے سے مہنگائی کا اندھیرا چھٹ جائے  گا اور مایوسی کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے، ڈویژن، ضلع کے بعد اب تحصیل کی سطح پر یوتھ کوآرڈینیٹرز کے تقرر کا حتمی مرحلہ مکمل ہوگا۔ خیبرپختونخوا کو ن لیگ کا قلعہ بنانا ہے۔ صوبے اور عوام کو ترقی سے ہم کنار کرنا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ترقی کے پی کے کا بھی حق ہے، 10 سال کے دوران اس صوبے کے وسائل کو صرف لوٹا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر سے نیچے پاؤں نہ اتارا جب کہ نوجوان سیلاب کے پانیوں میں مدد کے لیے پکارتے رہے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے مزید کہا کہ گزشتہ 4 برس کی بربادی کو دوبارہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کا ہمارا عزم زندہ ہے۔ قائد نوازشریف نے عوام کی خدمت کے مخلصانہ جذبے سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔ سی پیک جیسے منصوبے دوبارہ شروع کر کے بیروز گاری اور مہنگائی سے نجات دلائی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے۔ عوام کی امید نواز شریف ہے، نواز شریف کے ہوتے ہوئے عوام مایوس نہ ہوں۔