لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی سے نجات اور اپنی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے دیانتدار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔2 ستمبر کو اہلیان لاہور اپنے حق کیلئے سراج الحق کی کال پر ملک گیر ہڑتال میں اپنی دکانیں اور کاروباری ادارے بند کرکے یکجہتی کا ثبوت دیں۔
ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی معاشی تباہی کی ذمہ دار نون لیگ، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اورپی ڈی ایم ہے۔ جنہوں نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیکر مہنگائی کا عذاب عوام پر مسلط کیا ہے۔ لوگ بجلی کے بے تحاشہ بلوں کی وجہ سے خدکشاں اور فاقوں پر مجبور ہیں ایسے میں پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی بجائے مزید اضافہ کی تیاریاں معاشی تباہی کی نوید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ کے حالیہ عوام دشمن بیان کی بھی مذمت کرتے ہیں جنہوں نے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق عوام کو بجلی اور پیٹرول پر ریلیف نہیں سکتے۔ حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو اشرافیہ کی مفت بجلی، گیس اور دیگرمراعات فی الفور ختم کرییہ پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر انجمن تاجران برانڈرتھ روڈ شیخ عبدالرب، شیخ محمد یونس، چوہدری نوید ایوب، صدر انجمن تاجران رحمن گلیاں، وائس پریزیڈنٹ،قائد اعظیم گروپ آف پاکستان کے چیئرمین میاں وقار، صدر تنظیم تاجران لاہور میاں ادریس، قومی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر ملک خالد محمود کے ہمراہ ذیلی تنظیموں کے سربرہان،تاجران، دوکاندار، مختلف سیاسی و سماجی وفود سے ملاقاتوں کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تمام تاجربرداری کے عہدیداران و ذمہ داران نے 2 ستمبر کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔