عمران خان سزا معطلی کے باوجود جیل میں رہیں گے

283

راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عدالت کی جانب سے سزا معطلی کے فیصلے کے باوجود اٹک جیل میں رہیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم کی سزا معطلی اور رہائی کے حکم کے فیصلے کے باوجود عمران خان اٹک جیل ہی میں رہیں گے، جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سائفر کیس میں 30 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

عدالتی احکامات کے بعد عمران خان کو سائفر کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اس سلسلے میں سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک کو احکامات جاری ہوئے ہیں کہ عمران خان سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں رہیں گے۔ عدالت نے 30 اگست کو انہیں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

یاد رہے کہ سائفر کنٹینٹ اور آڈیو لیک سمیت گمشدگی کے معاملے پر ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔