عمران خان نے 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے چیلنج کردیے

373

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے ہائی کورٹ میں چیلنج کردیے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سابق وزیراعظم کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں 9 مئی ، جوڈیشل کمپلیکس حملہ اور جعل سازی سمیت 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلوں  کو چیلنج کیا گیا ہے۔

وکیل سلمان صفدر کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں 9 درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسٹیٹ اور مدعی مقدمہ کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سیشن کورٹ سے 6، اے ٹی سی سے 3 ضمانتیں خارج ہوئیں ۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ ٹرائل کورٹ نے میرٹ دیکھے بغیر ہی ضمانتیں عدم پیروی پر خارج کر دیں ۔ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹرائل کورٹس کے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں۔ ٹرائل کورٹس کو دوبارہ کیسز سن کر میرٹ پر فیصلے کرنے کی ہدایت کی جائے ۔ ان 9 مقدمات میں پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے ۔