چیچہ وطنی:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ واپس لیا جائے، یہ ظلم اور ناانصافی ہے، بجلی کے بلوں میں درجن بھر ٹیکسز کو ختم کیا جائے، صارفین سے وہ وصول کیا جائے جو وہ خرچ کرتے ہیں۔
چیچہ وطنی میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہاکہ نگران حکومت سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پر عمل پیرا نہ ہو، سابقہ حکمرانوں کے عالمی مالیاتی اداروں سے معاہدوں کے نتیجے میں عوام کا جینا حرام ہو گیا، جنت نظیر پاکستان کو جہنم بنا دیا گیا، 24کروڑ پاکستانی امریکا یا آئی ایم کے غلام نہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ زنجیریں توڑنا ہوں گی، عوام مہنگائی اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، پُرامن جمہوری جدوجہد سے لٹیروں کا راستہ روکنا ہو گا۔ یکم ستمبر کو بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لیاقت باغ راولپنڈی میں نوجوانوں کا اکٹھا ہونا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ بھارت چاندپر پہنچ گیا، ہمارے ہاں اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان جاری ہے، بچیوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے اقتدار میں رہ کر اپنے لیے مال کمایا، بیرون ملک جائدادیں بنائیں اور ملک اور قوم کو بھکاری بنا دیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کا ہے۔ نیب، عدالتیں اور احتساب کے دیگر ادارے کرپٹ حکمران ٹولے کا احتساب کرنے میں ناکام ہو گئے، اب قوم ووٹ کی طاقت سے ہی ان کا محاسبہ کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عوام کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن موجود ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سب سے پہلا وار سودی معیشت پر کرے گی، ہم ملک کو اسلامی نظام معیشت دیں گے، قانون اور انصاف کا بول بالا کریں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومتیں موجودہ مہنگائی، معاشی بدحالی اور بے روزگاری کی ذمہ دار ہیں، حکمرانوں نے اپنی مراعات اور پروٹوکول میں کمی کی بجائے، قرضوں کی واپسی کے لیے عوام پر ٹیکسز عائد کیے، مہنگائی کر کے غریبوں کا خون نچوڑا، عوام میں اب مزید قربانیاں دینے کی سکت نہیں۔