آلودہ پانی کا سمندر میں اخراج، چین نے جاپان سے تمام آبی مصنوعات کی درآمد معطل کردی

477
quatic product

بیجنگ:چین نے تابکاری سے آلودہ پانی کے سمندر میں اخراج سے پیدا ہونے والے خطرات کو روکنے کے لیے جمعرات سے جاپان سے تمام آبی مصنوعات کی درآمد معطل کردی ہے۔ 

کسٹمزکی جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی) نے ایک بیان میں کہا کہ جاپان کی جانب سے تابکاری سے آلودہ  پانی کے اخراج سے پیدا ہونے والے تابکار خطرات کو مکمل طور سے  روکنے، چینی صارفین کی صحت کے تحفظ اور خوراک کی درآمدات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

جی اے سی کے مطابق یہ فیصلہ ملک کے فوڈ سیفٹی قانون، خوراک کی درآمدات اور برآمدات کے تحفظ کے حوالے سے انتظامی پروٹوکول کے ساتھ ساتھ سینیٹری اورفائٹو سینیٹری اقدامات کے اطلاق سے متعلق ڈبلیو ٹی او کے معاہدے کے عین مطابق کیا گیا ہے۔

جی اے سی کے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فوڈ سیفٹی بیورو کے ایک عہدیدارنے کہا کہ کسٹم حکام تابکارآلودگی کے خطرے کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند ہیں،جوتابکاری سے آلودہ پانی کے اخراج سے جاپانی خوراک اورچین کی زرعی برآمدات کو لاحق ہے۔