کراچی:کوئٹہ ٹاؤن کوآپریٹو سوسائٹی میں مینجنگ کمیٹی کے عہدے داروں کی طرف سے سوسائٹی بائی لاز اور کوآپریٹو سوسائٹی ایکٹ 2020 کے حوالے سے بے ضابطگیاں عروج پر پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سوسائٹی کے صدر نے ان بے ضابطگیوں کے خلاف کوآپریٹو سوسائٹی کے اسپیشل کورٹ میں پرائیویٹ کمپلینٹ 01/2023 داخل کردی، کورٹ نے صدر کی پرائیویٹ کمپلینٹ پر مینجنگ کمیٹی کے عہدے داروں اور سوسائٹی اسٹاف کے خلاف بیل ایبل وارنٹ گرفتاری جاری کردی۔
واضح رہے کہ موجودہ مینیجنگ کمیٹی کے عہدے دار اور سوسائٹی اسٹاف جن کے خلاف بیل ایبل وارنٹ گرفتاری جاری کیا گیا ہے وہ نہ صرف سوسائٹی میں بائی لاز اور کوآپریٹو سوسائٹی ایکٹ 2020 کے تحت جنرل باڈی اجلاس بلانے ،آڈیٹ حسابات کے اجراء اور الیکشن کے انعقاد میں ناکام رہے بلکہ سوسائٹی کے دیگر معاملات میں بھی بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں۔
مینجنگ کمیٹی کے عہدے دار ایک سال پورے ہونے کے باوجود عہدوں پر براجمان ہیں اور رہائشی کو جنرل باڈی اجلاس میں منظوری کے بغیر نوٹس بھیج رہے ہیں۔ رہائشیوں کا پانی بند کروایا جارہا ہے اور واٹر بورڈ کی طرف سے پریشر کی کمی کا تاثر دیا جا رہا ہے ۔