عمران خان نے انسداد دہشتگردی عدالت کا ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا

656

لاہور:چیئرمین پی ٹی آئی نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

سابق وزیراعظم نے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں 7درخواستیں دائر کردیں، جن میں اے ٹی سی، سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں اٹک جیل میں ہوں، عدم پیشی پر انسداد دہشت گردی عدالت نے ضمانت کی درخواستیں خارج کردی ہیں۔ جیل میں ہونے کے باعث عدالت پیش ہونا میرے اختیار اور کنٹرول میں نہیں ہے۔ 

اے ٹی سی نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور ضمانتیں خارج کر دیں ۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست کے ذریعے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ، انسداد دہشت گردی عدالت کا ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور اے ٹی سی کو تمام درخواستوں پر دوبارہ سماعت کا حکم دے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے جناح ہاس حملہ کیس سمیت 7 مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ آج چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔