کراچی: شہر قائد میں کئی روز سے جاری تیز ہواؤں کا راج برقرار ہے جب کہ بدھ کی شام کچھ علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
بدھ کو کراچی میں معمول سے تیزہوائیں چلیں، جن کی رفتار40کلومیٹرفی گھنٹہ تھی۔ تیزہواوں اور جزوی ومکمل ابرآلود موسم کی وجہ سے کم سے کم پارہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا۔شہر کے کچھ علاقوں بشمول مضافاتی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں۔ ہوا میں نمی کاتناسب 74فیصد رہا۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران مطلع زیادہ ترابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران معمول سے تیزہوائیں چلنے،بونداباندی اورپھوارپڑنے کا بھی امکان ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30سے32ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ ٹھٹھ، بدین، تھرپارکر، سجاول، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، جامشورو میں بھی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ دیہی سندھ کی ساحلی پٹی پربونداباندی ہونے کا امکان ہے۔ بدھ کو دیہی سندھ کے ضلع دادومیں پارہ 40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔