صدر کے ٹویٹ سے بھونچال آگیا، معاملہ سلجھنے کی بجائے الجھ رہا ہے،شیخ رشید

350
popularity

راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے صدر عارف علوی ٹویٹ کر کے بھونچال لے آئے ہیں، صدر عارف علوی کے ٹویٹ کے بعد نہ نگران لا منسٹر کو اور نہ ہی لا منسٹری کو سمجھ آرہی ہے کہ وہ کیا کریں، مسئلہ سلجھنے کی بجائے مزید الجھ رہا ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں شیخ رشید نے لکھا کہ  آئندہ تین ہفتوں میں سپریم کورٹ اہم فیصلے کرے گی جن میں مردم شماری سے لے کر نیب توشہ خانہ اور اب سیکرٹ ایکٹ بھی شامل ہو جائے گا، پچھلے تین دنوں سے دنیا اور پاکستان کے میڈیا پر ٹویٹ اور صرف صدر کا ٹویٹ ہی چل رہا ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 16 مہینے میں عوام کو جو مہنگائی کا ٹیکہ لگا ہے اس سے عوام انتہائی پریشان ہے، معاشی، سیاسی اور اقتصادی حالات انتہائی سنگین ہورہے ہیں اور ڈالر روپے کے مقابلے میں پکڑائی نہیں دے رہا، کارخانے بند ہونے سے غریب بیروزگاری کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔ 

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا نام ہی ریاست ہے، عوام خوشحال اور پرسکون ہوں گے تو ریاست مستحکم اور خوشحال ہو گی۔