کراچی: تاجر برادری کا بجلی بل ادا نہ کرنے کا اعلان

737

کراچی: شہر قائد میں ایک جانب عوام بجلی کے بلوں سے ستائے  ہوئے ہیں تو دوسری جانب تاجر برادری بھی بجلی مہنگی ہونے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، جس پر انہوں نے بجلی کے بل ادا نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے اور بجلی کی قیمت میں اضافے پر کراچی کی تاجر تنظیموں کامشترکہ اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر ایسوسی ایشنز ایکشن کمیٹی کے کنوینر محمد رضوان نے کہا کہ تاجر برادری کو دن بہ دن مسلسل بڑھتی  ہوئی مہنگائی کی وجہ سے احتجاج پر مجبور کردیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہر قائد کی تاجر برادری کا دوسرا احتجاج 23اگست کو بدھ کے روز صدر کے علاقے میں ریگل چوک پر ہوگا۔

تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے دلدل میں عوام کے ساتھ تاجر بھی دھنستے چلے جا رہے ہیں اور قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ادھار پر اٹھائے گئے مال کی ادائیگیاں کرنا بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ خراب معاشی صورت حال اور مہنگائی کی وجہ سے تاجروں کی اکثریت اپنی بچت شدہ آمدن استعمال کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل نادہندگی جیسی صورت حال کی وجہ سے تاجر برادری اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 اگست کو ٹمبر مارکیٹ کے تاجر اپنے بجلی کے بل ادا نہیں کریں گے، جس کے بعد شہر کی دیگر مارکیٹیں بھی بجلی بل ادا نہ کرنے کا اعلان کریں گی۔