جڑانوالہ واقعات میں ملوث افراد کو سرعام سزائیں دی جائیں، سراج الحق

411
safe future

جڑانوالہ :امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جڑانوالہ واقعات کو ملک میں افراتفری، فساد اور لوگوں کو آپس میں لڑانے کی سازش قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کو کڑی اور سرعام سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متاثرہ مسیحی علاقے کے دورہ کے بعد مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے عبادت گاہوں اور گھروں کو جلانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت متاثرہ گھروں کی تعمیر اور علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کرے گی۔

انھوں نے عیسائی بچوں کی انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم اور کفالت اور متاثرہ نوجوانوں کو بلاسود قرضے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کے دوران جن بچیوں کا جہیز لوٹا گیا،جماعت اسلامی ان کے لیے فوری طور پر دوگنا جہیز کا بندوبست کرے گی اور متاثرہ گرجا گھروں کی تعمیرنو میں بھی تعاون کیا جائے گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ قرآن کریم کی بے حرمتی میں ملوث مجرم کو کیفردار تک پہنچایا جائے، حکومت اعلانات کی بجائے ایکشن لے، قرآن کریم کی بے حرمتی کے ردعمل کے طور پر لوگوں میں اشتعال پیدا ہوا اور شرپسند عناصر کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں لیا گیا، معاشرے میں عدم برداشت بڑھ رہی ہے، جس کا تدارک ضروری ہے۔