ستلج میں سیلابی صورتحال کے باعث بہاولپور سے ہزاروں افراد کا انخلا

620

بہاولپور: پنجا ب کے شہر  بہاولپور کے دریائی علاقوں سے 76,000 سے زائد افراد کو حفاظتی اقدام کے طور پر فلڈ فارکاسٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ ہدایات اور پیش گوئی کے بعد نکالا گیا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریا ئے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ پیر کو فلڈ فارکاسٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی ہیڈ ورکس میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گنڈا سنگھ والا میں پانی کی آمد اور اخراج 174,062 کیوسک جبکہ سلیمانکی ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد 146,271 کیوسک رہی۔

دریں اثنا، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1559.10 فٹ اور منگلا ڈیم میں 1242 فٹ ہے۔ ادھر محکمہ تعلیم نے ستلج کے اطراف کے علاقوں میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسکولوں میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے امدادی کیمپ لگائے جائیں گے۔

قبل ازیں بہاولپور کے کمشنر احتشام انور نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ دریائے ستلج کے کنارے واقع علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے۔

انہوں نے اتوار کو کہا کہ دریائے ستلج میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب ہے اور ہم بہاولنگر اور بہاولپور اضلاع اور دیگر علاقوں سے گزرنے والے دریائے ستلج کے کنارے واقع دیہاتوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو اپنے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے۔

دریں اثنا، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دریائے ستلج کے کناروں کے قریب واقع علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ سیلاب جیسی صورتحال سے متاثر ہونے کی صورت میں لوگوں کو ہنگامی امداد پہنچائی جا سکے۔