امریکا، چین، یورپی یونین کیساتھ تعلقات مزید مضبوط کرینگے، وزیر خارجہ

359
caretaker

اسلام آباد: نگران وزیر خارجہ  جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ہم امریکا، چین اور یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں علاقائی اور دوسرے اہم بڑے ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات میں بہتری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی معاشی پالیسی کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم امریکا ، چین اور یور پی یونین جو پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت دار ہیں کہ ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی بھی بھرپور کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان،چین ، امریکا، یورپی یونین، ترکیہ اور عرب ممالک سمیت پوری عالمی برادری کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہشمند ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں مئی 2013 میں چینی وزیراعظم کے پاکستان کے دورے کے دوران سی پیک پر دستخط کرنے پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک کی اقتصادی ترقی کا اہم اور بڑا منصوبہ ہے اور ہم نے گزشتہ دس سال کے دوران سی پیک کے تحت بہت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ سی پیک کا اگلا مرحلہ بھی پاکستان کے لیے بہت اہم ہوگا اورچینی مہارت کے استعمال سے استفادہ کرتے ہوئے آئی ٹی، زراعت، ریلوے اور دیگر شعبوں میں سی پیک کے تحت مکمل کیے جانے والے منصوبوں پر کام کی رفتار میں تیزی ہماری اولین ترجیح ہے۔