علی مردان ڈومکی نے نگران وزیراعلی بلوچستان کا حلف اٹھالیا

210

کوئٹہ :بلوچستان کے نگران وزیر اعلی میر علی مردان خان ڈومکی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

بلوچستان کے گورنر ہاوس میں منعقدہ تقریب میں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے علی مردان ڈومکی سے نگران وزیراعلی بلوچستان کے عہدے کا حلف لیا، جہاں سیاست دانوں اور سرکاری افسران سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس سے قبل گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے نگران وزیر اعلی کے لیے علی مردان خان ڈومکی کے نام کی منظوری دے دی تھی۔پارلیمانی کمیٹی نے علی مردان ڈومکی کی تعیناتی کے لیے سمری گزشتہ رات گورنر بلوچستان کو ارسال کی تھی۔

گورنر بلوچستان کے تعلقات عامہ کے افسر پائند خان خروٹی کے مطابق گورنر ملک عبدالولی کاکڑ نے یہ منظوری پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رات گئے تک بلوچستان کے نگران وزیراعلی کے انتخاب کا عمل کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تھا کیونکہ وزیراعلی کی نامزدگی کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے تین اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔