نئی دہلی: بھارت میں 2 دن کے دوران مختلف واقعات میں 2 پائلٹس کی پراسرار ہلاکت ہوئی ہے، جس پر متعلقہ محکموں نے تحقیقات شروع کردی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایک واقعے میں بھارتی پائلٹ ہوائی اڈے پر جب کہ دوسرے واقعے میں ایک پائلٹ پرواز کے دوران پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ بھارتی حکام نے دونوں واقعات کی انکوائری کے لیے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فضائی کمپنی انڈیگو کا ایک پائلٹ ناگپور سے پونے کی پرواز کے لیے تیار تھا اور عین اس وقت بے ہوش ہو گیا جب وہ بورڈنگ گیٹ تک پہنچا ہی تھا۔ اس موقع پر اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ذرائع کےمطابق ائرپورٹ پر ہلاک ہونے والے پائلٹ نے دوپہر3 بجے سے اگلی صبح 7 بجے کے درمیان تریویندرم سے ناگپور وایا پونے تک 2 پروازیں چلائی تھیں اور معمول کے 27 گھنٹے آرام کے بعد اگلی پرواز کے لیے ائرپورٹ پہنچا تھا۔
دوسرے واقعے میں دارالحکومت دہلی سے دوحا جانے والے قطر ائرویز کے طیارے میں پرواز کے دوران پائلٹ کو دِل کا دورہ پڑا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔