جڑانوالہ کا واقعہ افسوسناک اور مکمل ناقابل برداشت ہے، آرمی چیف

328
religion

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور مکمل طور پر ناقابل برداشت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف  جنرل سید عاصم منیر نے سالانہ آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکا سے خطاب کیا۔   پروگرام میں پاکستان بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے 370 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق  آرمی چیف نے قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ   نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جو ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی میں بہت زیادہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں۔

آرمی چیف نے ملک میں انارکی اور بدامنی پھیلانے کے لیے عوام میں دراڑ، عدم برداشت، بداعتمادی اور پرتشدد رویے پیدا کرنے اور اسے ہوا دینے کے لیے دشمن قوتوں کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور مکمل طور پر ناقابل برداشت ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ  معاشرے کے کسی بھی طبقے کی طرف سے کسی کے خلاف خاص طور پر اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔   پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کے لیے برابر ہیں۔

سپہ سالار نے کہا کہ ملک میں   کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی  اور ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔  آرمی چیف نے آخر میں پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو سراہا۔