میمن گوٹھ: بچے کی ناگہانی موت کی ذمہ دار میئر کراچی اور ڈپٹی میئر ہے، حافظ نعیم

419
taken over

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ڈپٹی میئر سلمان عبد اللہ مراد کے علاقے جاموٹ پاڑہ میمن گوٹھ میں 14اگست کو جشن آزادی ریلی کو دیکھتے ہوئے 3سالہ نعمان ابڑوکی کھلے مین ہول میں گر کر ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو تی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ   جس کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں جگہ جگہ کھلے ہوئے مین ہول نہ صرف بچوں کے لیے بلکہ عام شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی موت کے کنویں بنے ہوئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  کراچی کے عوام کب تک کھلے مین ہولز سے اپنے بچوں کی لاشیں نکالتے رہیں گے، قبضہ میئر عوام کے مسائل حل کرنے اور شہر کی خدمت کرنے کے بجائے اپنی پارٹی قیادت کی خدمت کرنے میں مصروف ہیں، یہ تمام صورتحال بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی اور میئر شپ پر قبضہ گیری کے باعث پیدا ہوئی ہے۔

انہوں  نے کہاکہ   جماعت اسلامی اس صورتحال میں اہل کراچی اور میمن گوٹھ جاموٹ پاڑہ کے متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن جمہوری اور قانونی جدوجہد کی جائے گی۔ قبضہ میئر، ڈپٹی میئر اور بلدیاتی حکومت کو اس سانحے کا جواب دینا ہو گا۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بچے کی ناگہانی موت اور اس سانحے کے حوالے سے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران کو بھی ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں اور متاثرہ خاندان کو ہر قسم کی قانونی امداد فراہم کی جائے گی۔