لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ عوام سے اپنے نمائندے چننے کا حق چھینا گیا تو جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی۔
سراج الحق نے گزشتہ پانچ برسوں کو ملکی تاریخ کا بدترین دور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کے اعمال کا خمیازہ کئی عشروں تک بھگتے گی، اسمبلیوں کے خاتمہ پر عوام کے کندھوں سے بوجھ ہلکا ہوا ہے۔
منصورہ میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نگران حکومت غیرجانبدار ہو کر مقررہ آئینی مدت میں صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے گی، عوام سے اپنے نمائندے چننے کا حق چھینا گیا تو جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن آئین کی پاسداری کرتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کریں۔
ان کاکہنا تھا کہ جماعت اسلامی آیندہ انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کرے گی، ترازو کے نشان پر کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کے منشور کے تحت انتخابات میں جائیں گے، یقین ہے کہ عوام الیکشن میں آزمائی ہوئی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی سے تعاون کریں گے۔