لاہور: ہربنس پورہ کے علاقے میں کیبل چلانے کے تنازع پر فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق اور پولیس کانسٹیبل سمیت 6افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 2راہ گیر بھی شامل ہیں۔ فائرنگ سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم بلال شاہ کی جانب سے کی گئی ہے، ملزم اور زخمیوں کے درمیان کیبل کے پیسوں کا تنازع چل رہا تھا، ملزم بلال شاہ زخمی افراد سے کیبل چلانے کے لیے بھتہ مانگ رہا تھا۔
ملزم بلال شاہ نے صلح کے لیے گھر پر بلایا اور اس دوران ملزم اور دوسری پارٹی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، آنے والے اچانک گھر سے بھاگے تو پیچھے سے بلال شاہ نے فائرنگ کردی، زخمیوں کی شناخت پولیس کانسٹیبل علی رضا، اسحاق، نوید اور طاہر کے نام سے ہوئی جبکہ جاں بحق شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے بعد بلال شاہ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے شہزاد کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دی جبکہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے ملزم بلال شاہ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔