ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ہندوستان فیورٹ قرار

546
 ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ہندوستان فیورٹ قرار

نئی دہلی: سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے ورلڈکپ 2023کیلئے اپنی چار ممکنہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے بارے میں بتادیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر ویندر سہواگ نے اکتوبر میں شیڈول ورلڈکپ 2023کیلئے پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور میزبان ہندوستان کو میگاایونٹ کیلئے فیورٹ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں روایتی شارٹس نہیں کھیلتیں بلکہ غیر روایتی کرکٹ پر فوکس کرتی ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ برصغیر میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔

سابق اوپنر نے کہا کہ روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم حالیہ برسوں میں ون ڈے انٹرنیشنل میں کافی مضبوط نظر آئی ہے جبکہ میزبانی کی وجہ سے ہوم کنڈیشنز بھی ہمارے حق میں ہوں گی۔

اسی طرح انگلینڈ اور آسٹریلیا کے حوالے سے ویندر سہواگ کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کی بیٹنگ 7نمبر تک جاتی ہے جبکہ وہ دفاعی چیمپئین بھی ہیں جبکہ کینگروز پر نظر ڈالیں تو وہ آئی سی سی ایونٹس میں انکا ٹریک ریکارڈ اور دبا میں کارکردگی دکھانے کی مہارت انہیں سیمی فائنل کے لیے مضبوط دعویدار بناتی ہے۔

وریندر سہواگ نے پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس ایک ایسی ٹیم ہے جس کو کم نہیں سمجھنا چاہیے، بابراعظم کی قیادت میں گرین شرٹس نے حالیہ برسوں میں بہت کامیابیاں سمیٹی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے مضبوط امیدواروں میں ایک ہیں۔