شائع ہونیوالے سائفر کا متن سچ ہے تو یہ ایک بڑا جرم ہے، وزیراعظم

434
Prime Minister

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے سائفر کا متن اگر سچ ہے تو یہ ایک بڑا جرم ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی بیرونی سازش نہیں ہے۔ اگر امریکا میں سابق پاکستانی سفیر کی جاب سے گزشتہ سال اسلام آباد کو بھیجا گیا سفارتی سائفر کا متن سچ ہے تو پھر یہ ایک بڑا جرم ہے۔

امریکی ویب سائٹ دی انٹر سیپٹ پر شائع رپورٹ سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے انکار کرتے ہوئے اپنی زیر سربراہی سائفر تنازع سے متعلق ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی  کے 2 اجلاسوں کا حوالہ دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک ملاقات میں سابق سفیر اور سیکرٹری خارجہ اسد مجید نے واضح کہا تھا کہ ڈونلڈ لو سے ان ملاقات میں کسی سازش پر بات نہیں ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر خدانخواستہ یہ حکومت امریکی سازش سے بنی ہوتی تو یہ ہمارے لیے شرمناک لمحہ ہوتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ امریکی ویب سائٹ پر شائع سائفر کا متن اگر سچ ہے تو پھر یہ ایک بہت بڑا جرم ہے۔

واضح رہے کہ امریکی ویب سائٹ دی انٹرسیپٹ نے سائفر کے متن کو شائع کرتے ہوئے خبر میں لکھا کہ اس سائفر سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے پیچھے امریکی دباؤ کارفرما نظر آتا ہے کیونکہ امریکی سفارت کار نے یہ بیان دیا تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب کچھ معاف کردیا جائے گا۔