پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے دو نام تجویز کر دیے

562

پاکستان پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے دو نام پیش کر دیئے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا نام دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی نے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا نام بھی دیا۔

تصدق جیلانی 11 دسمبر 2013 سے 5 جولائی 2014 تک پاکستان کے چیف جسٹس رہے جبکہ جلیل عباس جیلانی سیکرٹری خارجہ اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رہے۔

دریں اثناء صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی جس کے ساتھ ہی وفاقی کابینہ اور حکومت بھی تحلیل کر دی گئی۔

12 اگست کو وزیراعظم نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کرکے اسے منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوا دیا۔ ایوان صدر کے مطابق صدر نے وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی تحلیل کی، انہوں نے آئین کے آرٹیکل 58 (1) کے تحت اسمبلی تحلیل کی۔

صدر مملکت کے دستخط ہوتے ہی قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ تحلیل کر دی گئی تاہم نگراں وزیر اعظم کے تقرر تک وزیر اعظم شہباز شریف عہدے پر برقرار رہیں گے۔