نگران وزیراعلی کا تھانہ سٹی راولپنڈی کا دورہ، صفائی کی ابتر صورتحال پر اظہار برہمی

334

لاہور:نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے تھانہ سٹی راولپنڈی کا دورہ کیا، گندگی، تعفن، صفائی کے ناقص انتظامات اور واش رومز کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہارکیا۔

وزیراعلی محسن نقوی نے ایس ایچ او کی سرزنش کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے تھانے کے واش رومز استعمال کئے ہیں؟ وزیراعلی نے ایس ایچ او کو واش رومز کا وزٹ کرنے، صفائی کے انتظامات اور واش رومز کی حالت کو بہتر بنانے کا حکم دے دیا۔

دورے کے دوران فرنٹ ڈیسک کمپلینٹ سسٹم بھی انتہائی سست رفتار پایا گیا جس پر وزیراعلی نے ناراضگی کا اظہار کیا، محسن نقوی فرنٹ ڈیسک کے کمپیوٹر پر سائلین کی درخواستوں پر پراگرس کا جائزہ لینے لگے تو سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ 

نگران وزیراعلی تھانے کے دورے کے بعد دوبارہ فرنٹ ڈیسک پر آئے تو بھی سسٹم کام نہیں کر رہا تھا، جس پر وزیراعلی نے بہتر سپیڈ والا انٹرنیٹ لگانے اور زیر التوا درخواستوں پر جلد ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ 

محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ درخواست کے اندراج سے ایف آئی آر تک سائلین کو تھانے کے بار بار چکر نہ لگوائے جائیں، سائلین کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے۔ 

نگران وزیراعلی نے حوالات، انویسٹی گیشن روم ، کنٹرول روم اور تھانے کے دیگر حصوں کا بھی وزٹ کیا، انویسٹی گیشن روم میں پولیس اہلکار لانگ نیکر پہنے ہوئے تھا اور وہاں چارپائیاں پڑی ہوئی تھیں۔