پاکستان اور ایران کے درمیان 5 سالہ اسٹریٹجک تجارت کا معاہدہ 

386
agreement

اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان 5 سالہ اسٹریٹجک تجارت کا معاہدہ طے پاگیا، وزارت خارجہ میں پاک ایران وزرائے خارجہ نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے معاہدوں پر دستخط کیے، وزارت خارجہ میں پاکستان اور ایران کے درمیان 5 سالہ اسٹریٹجک تجارتی معاہدے کی تقریب میں وفاقی وزرا ایاز صادق اور نوید قمر بھی موجود تھے۔

معاہدوں پر دستخط کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی میں ایران نے بہترین کردار ادا کیا، 2023 سے 2028 تک کے لیے باہمی تجارتی معاہدہ کو حتمی شکل دے دی ہے جس سے پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 5 ارب ڈالرز تک بڑھے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا معیشت، تجارت اور کلچر پر دونوں ممالک میں کام ہو رہا ہے، گیس پائپ لائن منصوبے پر گفتگو ہوئی، گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت پر مزید وسعت چاہتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ بارڈر پر مارکیٹوں کے قیام سے تجارت میں آسانی پیدا ہو رہی ہے، ایران، چین اور پاکستان کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کا منصوبہ ہونا چاہیے، دونوں ممالک میں پارلیمانی وفود کا تبادلہ اچھا اقدام ہے۔