اسلام آباد: ژوب کینٹ میں دہشت گردی میں افغان دہشت گردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی، پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ 12 جولائی کو ژوب کینٹ پر حملے میں ملوث 3 دہشت گردوں کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہو گئی۔ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان کے صوبہ قندھار سے ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے افغان سفارت خانے کو افغان دہشت گردوں کی لاشیں وصول کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔ افغان دہشت گردوں کی پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں مسلسل شمولیت اور پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستانی دفترِ خارجہ نے شدید اظہارِتشویش اور مذمت کی ہے۔