کراچی:پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس طارق کو کراچی شپ یارڈ میں لانچ کردیا گیا۔
پاک بحریہ کے جنگی جہاز کو کراچی شپ یارڈ میں لانچ کیا گیا،جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترکی کے نائب صدر سیودت یلماز سمیت اعلیٰ عسکری قیادت شریک ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان، ترکیہ گہرے ، قریبی ، تاریخی اور مذہبی رشتے میں منسلک ہیں، ملجم کلاس کارویٹ چوتھا بحری جہاز ہے جو پاکستان اور ترکیہ نے مل کر تیار کیا،پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور بھائی چارے کا تعلق مثالی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ زلزلہ ،سیلاب جیسی قدرتی آفات میں ترکیہ نے پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی ،صدد طیب اردوان اپنے عوام کی بہود کیلئے بے پناہ کام کر رہے ہیں۔وقت کا تقاضہ ہے پاکستان اور ترکیہ اسٹریجک تعاون کو مزید فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کو بھی ہم نے ایک اہم تجارتی مرکز بنانا ہے ،سی پیک ایک گیم چینجز منصوبہ ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔سی پیک ترقی کا راستہ ہے امید کرتے ہیں ترکیہ بھی مسفید ہو سکتا ہے۔
اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر انجینئرز اور ماہرین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پی این ایس طارق کی شمولیت بحری صلاحیتوں میں بہترین اضافہ ہے، پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ منصوبے دفاعی شعبے کو مزید مضبوط کریں گے۔
پی این ایس طارق کو تعمیر کے بعد سمندر میں اتارا گیا ہے ، پی این ایس طارق ملجم (MILGEM) کلاس کارویٹ جنگی جہاز ان چار بحری جہازوں میں سے ایک ہے جو ترکیہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدے تحت ترکیہ اور پاکستانی انجنئرز مل کر بنا رہے ہیں۔ پاکستان اور ترک ڈیفنس کمپنی Ms ASFAT کے ساتھ 06 ستمبر 2018 کو 4 ملجم کلاس کارویٹس کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
اس پروجیکٹ کے تحت استنبول نیول شپ یارڈ اور کراچی شپ یارڈ میں دو / دو جہاز تیار کیے گئے ، یہ جہاز اپنے سرفیس ٹو سرفیس میزائلوں اور مین گن سے درمیانے سائز کے اہداف کا پتہ لگانے اور ان پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ جہاز سطح آب، زیر آب اور فضائی اہداف کا پتہ لگانے کے لیے جدید ترین سینسر سے لیس ہے۔ اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے جارحانہ اور دفاعی دونوں ہتھیار رکھتا ہے، ملجم جہاز ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کیمپ کاپٹر سے بھی لیس ہے۔
اس سے قبل 3 جہازوں کی لانچنگ ہو چکی ہے اور وہ تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے۔ پی این ایس طارق پاکستان میں تیار ہونے والا دوسرا بحری جنگی جہاز ہے۔
اس منصوبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، کراچی شپ یارڈ کی اپ گریڈیشن اور خصوصی طور پر پاک بحریہ کے لیے بنائے جا رہے جناح کلاس فریگیٹس کے ڈیزائن کی باہمی تعاون سے تیاری بھی شامل ہے۔ملجم کلاس جہازوں کی شمولیت سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات کے لیے ضروری ڈیزائن اور جہاز سازی کے حوالے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔