اسلام آباد ایئرپورٹ پر 10کلو سے زائد آئس منشیات برآمد، سری لنکن باشندہ گرفتار

476

 راولپنڈی: نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی 10 کلو گرام سے زائد آئس منشیات بیرون ملک اسمگل کیے جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سری لنکن باشندے کو گرفتار کر لیا گیا۔ 

تفصیلات کےمطابق نیو اسلام آباد ایئر پورٹ سے دوحا جانے والی پرواز نمبر کیو آر 613 کی بریفنگ جاری تھی کہ سری لنکن مسافر مسڑ رمویش چٹہارنگا پنٹو سفر کے لیے ایئرپورٹ پہنچا۔

 بیگج سرچ کانٹر پر اے این ایف و ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے جوائنٹ کانٹر پر عملے نے مسافر کا سامان چیک کیا تو ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپائی گئی 10 کلو گرام سے زائد آئس برآمد ہوئی۔ 

حکام کا کہنا تھا کہ مسافر کو منشیات سمیت تحویل میں لے لیا ہے، ملزم دوحا کی پرواز کے راستے سری لنکا روانہ ہو رہا تھا۔

 ادھر اے این ایف نے کراچی کے علاقے منگوپیر میں گاڑی سے 5 کلو چرس اور 1 کلو ہیروئن برآمد کرکے کراچی کے رہائشی دو ملزمان گرفتار کرلیے جبکہ خیبر کے علاقے جروبی زخا خیل میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 17 کلو چرس برآمد کرلی۔

 ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔