دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، بہاولنگر میں حفاظتی بند ٹوٹ گئے

444

بہاولنگر:حالیہ مون سون بارشوں سے دریائوں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، بہاولنگر میں سیلاب کے باعث متعدد مقامات پر حفاظتی بند ٹوٹ گئے، دریائی بیلٹ سے ملحقہ 86 مواضعات کی درجنوں آبادیوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مومیکا کے قریب بند ٹوٹنے سے مومیکا، توگیرہ ہٹھاڑ، جھنڈے کا اور متعدد آبادیوں کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا، سیلابی پانی کے چاروں اطراف سے گھیرا ئوکی وجہ سے لوگوں کو نقل مکانی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

 ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے پانی میں پھنسے 2547 افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔عارف والا میں بھی دریائے ستلج میں پانی کا بہائو مزید تیز ہوگیا، بپھرے سیلابی ریلے سے مختلف مقامات پر کئی حفاظتی بند ٹوٹ گئے، بستی بھورے کے مقام پر سڑک سیلابی ریلے کی نذر ہوگئی، کئی دیہات کا زمینی رابطہ بھی کٹ گیا۔