کراچی: گلشن اقبال کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو مارا گیا جب کہ اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق گلشن اقبال بلاک ون شبیر عثمانی روڈ غوثیہ مسجد کے قریب واقع ایک ہوٹل پر 8 دوست ہفتے کی صبح ناشتہ کررہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے دھاوا بول کر نقدی اور موبائل فونز چھین لیے اور فرار ہونے لگے، کچھ فاصلے پر ملزمان کا ٹکراؤ پولیس سے ہوگیا پولیس نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈکیت ہلاک جب کہ دوسرے کو گرفتار کرکے اسلحہ، موٹر سائیکل، چھیننے ہوئے 7 موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی۔
ڈی ایس پی گلشن اقبال سہیل خان کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے، مرنے والے کی شناخت ایاز اور گرفتار ملزم کی شناخت طارق کے ناموں سے ہوئی، ہلاک و گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ عناصر ہیں، وہ زیادہ تر وارداتیں گلشن اقبال،عزیز بھٹی، گلستان جوہر اور دیگر علاقوں میں کرتے تھے، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کو سرد خانے میں رکھوادیا۔