تھر میں پلانٹ لگائیں گے تو کراچی کو بجلی سستی ملے گی، وزیراعظم

489

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تھر میں پاور پلانٹ لگائیں گے تو کراچی کو بجلی سستی ملے گی۔

چیمبر آف کامرس ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سستی بجلی نہ ملنا انڈسٹریز کے لیے دھچکا ہے جب کہ تاجر برادری پاکستان کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کو 49 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی مل رہی ہے جب کہ تھر میں پاور پلانٹ لگائیں گے تو کراچی کو 28 روپے فی یونٹ پر بجلی دستیاب ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلیم گیم میں جائیں گے تو نقصان کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ الزام تراشی سے کسی کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا، ایکسپورٹرز کی کوششیں اور کاوشیں قابل تحسین ہیں، روشنیوں کے شہر کراچی گیٹ وے ٹو پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کار صرف یہ مطالبات نہ رکھیں کہ انہیں کیا کیا چاہیے، اسلام آباد آئیں ہم مل کر بیٹھ کر جامع ایکسپورٹ پالیسی بناتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں، ملک میں گیس کی پیداوار انتہائی محدود ہے۔