سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد حکومت کی کامیابی ہے،  احسن اقبال

371

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے چینی ناظم الامور پینگ چنکسو سے ملاقات کی اور سی پیک منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد حکومت کی کامیابی ہے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت منصوبہ بندی چیف اکانومسٹ آف پاکستان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا ، جو گزشتہ دہائی کے دوران اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔

 یاد رہے کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے حوالے سے سی پیک سیکرٹریٹ اور وزارت منصوبہ بندی ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کر رہی ہے، جن میں بین الاقوامی کانفرنس، تعلیمی سیشنز اور ثقافتی شو شامل ہیں۔

 واضح رہے کہ اپریل 2022 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے موجودہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کو بحال کیا ہے جو پچھلی حکومت نے نظر انداز کر دیئے تھے۔سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے تحت اسلام آباد میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔