کولمبو: ایشین کرکٹ کونسل مینز ایمرجنگ ایشیاکپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سری لنکن شہر کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم اے کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، پاکستان نے بھارت اے کو جیت کے لیے 206رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان اے کی طرف سے سب سے زیادہ قاسم اکرم نے 48 رنز بنائے۔ صائم ایوب اور عمیر بن یوسف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
حسیب اللہ خان نے 27 ، کامران غلام 15، محمد حارث 14 ، صاحبزادہ فرحان 35، مبصر خان 28، وسیم جونیئر 8 اور دھانی نے 4 رنز بنائے۔ مہران ممتاز ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 25رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 36.4 اوورز میں 210 رنز بنائے اور 8 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دی۔ بھارت کی جانب سے سائی سدہارسن 104 ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ نکن جوز 53 اور یاش دل 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ایم خان اور محمد ممتاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیاکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ جیتنے والی ٹیم گروپ بی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ کرے گی اور ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کے مدمقابل آئے گی۔