راولپنڈی اسلام آباد میں طوفانی بارش، 2 حادثات میں 13 افراد جاں بحق

2492

جڑواں شہروں میں ہونے والی طوفانی بارش سے 2 مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی شدید بارش کے دوران ہونے والے 2 مختلف حادثات میں 12 مزدوروں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔موسلادھار بارش کی وجہ سے راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جس کے بعد خطرے کے سائرن بجا کر نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو احتیاط اور انخلا کا پیغام دیا گیا۔

سیلابی صورت حال کے پیش نظڑ ریسکیو ٹیموں اور پاک فوج کو طلب کرلیا گیا تھا جنہیں نشیبی علاقوں میں تعینات کیا گیا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح مجموعی طور پر 19 فٹ تک بلند ہو گئی۔ دوسری جانب گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے کی وجہ سے 12 مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 5 مزدور زخمی ہوئے۔

امدادی ٹیموں نے حادثے کے بعد موقع پر پہنچ کر فوری کارروائی کی اور لاشوں و زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا۔ مقامی افراد کے مطابق قریبی پل پر تعمیراتی کام کے باعث مزدور دیوار کی آڑ میں ٹینٹ لگا کر سوئے ہوئے تھے کہ شدید بارش کے باعث دیوار ٹینٹ پر آ گری۔

دوسری جانب تیز بارش کے دوران اسلام آباد پشاور موٹروے براما انٹرچینج کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں 4 بسیں اور 2 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں 16 سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثہ بارش کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے کے سبب پیش آیا۔ بعد ازاں  امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

دریں اثنا برف خانہ چوک میں 30 سالہ نامعلوم شخص برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ، جس کی لاش قریبی اسپتال منتقل کی گئی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 195 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے اور غیر معمولی طوفانی بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوئی۔ بارش میں وقفے سے نالہ لئی میں پانی کی سطح معمول پر آچکی ہے۔ سیلابی پانی کا بڑا ریلا نالہ لئی سے دریائے سواں میں گر چکا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔