چین: گاڑیوں کی برآمدات میں 75.7 فیصد اضافہ

440

بیجنگ: چین میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران گاڑیوں کی برآمدات میں گزشتہ برس کی نسبت 75.7 فیصد اضافہ ہوا جس سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ توسیع کا پائیدار رجحان برقرار ہے۔

چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 21 لاکھ 40 ہزار گاڑیاں برآمد کی گئیں جن میں 5 لاکھ 34 ہزار نئی توانائی گاڑیاں تھیں جو کہ گزشتہ برس کی اسی مدت کی نسبت 160 فیصد زائد ہے۔

ایسوسی ایشن نے بتایا کہ اس عرصے میں چین کی مسافر گاڑیوں کی برآمدات گزشتہ برس کے مقابلے 88.4 فیصد اضافے سے 17 لاکھ 80 ہزار یونٹس رہی جبکہ تجارتی گاڑیوں کی برآمدات 31.9 فیصد اضافے سے 3 لاکھ 61 ہزار یونٹس تک پہنچ گئیں۔

چین نے صرف جون میں 3 لاکھ 82 ہزار گاڑیاں برآمد کیں جو 2022 کی اسی مدت کی نسبت 53.2 فیصد زائد ہے۔ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق چین کی گاڑیوں کی برآمدات 2021 میں 20 لاکھ اور 2022 میں 30 لاکھ یونٹس سے زائد ہوچکی تھی۔