لاہور:استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم شہبا زشریف کے اگست میں ملکی باگ ڈور نگران سیٹ اپ کے حوالے کے بیان کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا صرف بیانات کی حد تک نہیں رہنا چاہئے، بلکہ اس کا عملی مظاہرہ بھی سامنے آنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتمادبحال رکھنے کے لئے اسمبلیاں مدت ختم ہونے سے پہلے تحلیل کرنا ضروری ہے، رواں سال ہی انتخابات کرانے سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو گی،پارلیمان کے فیصلے عوام پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں،ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز ان کے پارلیمان کے مضبوط فیصلوں میں ہے۔ہمیں بھی دنیا میں اپنا مقام بلند کرنے کے لئے قومی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے میدان میں آئی ہے، پارٹی مفادات کی سیاست کو اب دفن ہو جانا چاہیے۔
ماضی میں اگر قومی مفاد ہی پارٹی مفاد سمجھا جاتا تو ملک میں ایسے حالات نہ ہوتے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں اب بھی سیاست کے جدید تقاضوں کو سمجھنا ہو گا، ہمارا ملک با صلاحیت افراد اور قدرتی نعمتوں سے مالا مال ہے، کمزور پالیسیوں نے با صلاحیت نوجوانوں کو ملکی ترقی میں حصہ نہیں ڈالنے دیا،ورنہ ہمارا نوجوان طبقہ کسی سے کم نہیں ہے، استحکام پاکستان کا منشور یوتھ کے دلوں پہ دستک ہو گی۔