9 مئی کے تشدد کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور

311

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے 9 مئی تشدد کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد ہارون شاہ نے سابق وزیر خارجہ کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں قریشی کے وکیل علی بخاری کے دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کی۔

پی ٹی آئی کے رہنما بھی حاضری کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران وکیل علی بخاری نے دلیل دی کہ ان کا موکل نہ تو جائے وقوعہ پر موجود تھا اور نہ ہی اس نے کوئی اشتعال انگیز بیان دیا،پولیس نے بغیر کسی ثبوت کے سابق وزیر کو اس کیس میں پھنسایا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ قریشی کی ضمانت منظور کی جائے۔ جج ہارون شاہ نے دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کر لی۔