لاہور:ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا، ڈریگ فلکر ارباز انجری کا شکار ہوکر ٹرافی سے باہر ہوگئے، روائتی حریف پاک اور بھارت 9 اگست کو ٹکرائیں گے۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی کے لیے 2 روزہ ٹرائلز کے بعد چیف سلیکٹر کلیم اللہ کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کا انتخاب کیا۔
عمر بھٹہ کپتان اور رانا عبدالوحید نائب کپتان ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اکمل حسین، عبداللہ خان، محمد عبداللہ، سفیان خان، احتشام اسلم، اسامہ بشیر، عقیل احمد، ارشد لیاقت، محمد عماد، عبدالحنان شاہد، زکریا حیات، رومان، مرتضی یعقوب، شاہ زیب خان، افراز اور عبدالرحمان شامل ہیں۔
سات کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی میں رکھا گیا ہے جن میں علی رضا، محمد باقر، محمد ندیم خان، عبدالوہاب وقار علی، محمد ارسلان اور عبدالقیوم شامل ہیں۔
کپتان عمر بھٹہ نے ٹرافی کے لیے منتخب قومی ٹیم کو نوجوان کھلاڑیوں کا مجموعہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف بہترین ہاکی کھیلیں گے، ایشین چیمپئنز ٹرافی بھارت کے شہر چنائے میں 3 اگست سے شروع ہو گی جبکہ قومی ٹیم کی شرکت حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔