کراچی: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم بھارت جاکر کھیل میں اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ کے لیے بھارت جاتا ہے تو وہاں کی کنڈیشنز پاکستانی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور کھیل الگ الگ چیزیں ہیں مگر بدقسمتی سے دونوں ممالک کے مابین یہ اکٹھی ہو جاتی ہیں، جو کہ دونوں ملکوں کے شائقین کے لیے ٹھیک نہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ بھارت میں تماشائیوں کا دباؤ بہت ہوتا ہے لیکن اس سے موٹیویشن پیدا ہوجاتی ہے۔ ایسے کراؤڈ میں کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہے۔ میرا ذاتی خیال یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت جا کر وہاں پر اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کو اپنی ٹیم کا انتخاب حریف ٹیموں کو مدنظر رکھ کر کرنا ہوگا، اسی بنیاد پر میچ کا نتیجہ سامنے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور عالمی کپ الگ الگ ایونٹ ہیں۔ ایشیا کپ کا آئی سی سی سے کوئی تعلق نہیں جب کہ عالمی کپ آئی سی سی کا ایونٹ ہے۔ایشیا کپ کی طرح عالمی کپ میں ہائبرڈ ماڈل پر عمل ممکن نہیں تاہم اس حوالے سے پاکستان اور بھارت کو مل بیٹھ کر کوئی فیصلہ کرنا ہوگا تاکہ آئندہ کسی ایونٹ کے موقع پر ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔