نواز شریف کو لینے جلد لندن جاوں گا، ایاز صادق

637
نواز شریف کو لینے جلد لندن جاوں گا، ایاز صادق

اسلام آباد: وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو لینے جلد لندن جاوں گا، نواز شریف الیکشن سے پہلے آئیں گے، ستمبر میں آنے کے بارے میں ابھی کچھ کہہ نہیں سکتا۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ 13 اگست کو حکومت کی مدت ختم ہو جائے گی، مدت ختم ہونے کے بعد ایک منٹ بھی ہماری حکومت نہیں رہے گی، الیکشن اپنے وقت پر ہونے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی والے جس حد تک گئے کسی پارٹی کا ان سے اب مذاکرات کا ارادہ نہیں، ہم نے کبھی تھانے، بکتربند گاڑیوں، مجسموں کو نہیں جلایا، 9 مئی کا پلان ٹارگٹڈ تھا، ان لوگوں سے کیا بات ہوگی۔

ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے چیزوں کو بہتر کیا جا رہا ہے، پریذائڈنگ افسر کو رات 2 بجے تک نتائج دینے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نگران وزیراعظم کا کوئی نام تجویز نہیں کیا، اللہ کرے نگران وزیراعظم کوئی اچھی چوائس ہو۔

ایک اور نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انتخاباتی اصلاحات کمیٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات بل ایک مہینے میں پاس کرائیں گے، کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں، ہمارا کام انتخابی اصلاحات کرنا ہے، سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانا نہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں ایک مہینے میں انتخابی اصلاحات بل کو پاس کرانا ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی سے بل پاس کرایا جائے گا۔

ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق پہلے بھی کام ہوا تھا، اس پر ایک قومی اسمبلی کے ممبران کی کمیٹی بنی تھی، الیکشن کمیشن کی بھی کچھ تجاویز ہیں، ہم نے ان سب تجاویز کو یکجا کرنے کے بعد کئی عام سفارشات ہیں اور کچھ ایسی ہیں جو الیکشن کمیشن کی ہیں ہماری نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات ہوں، شفاف الیکشن ہوں اور اسے قانونی شکل دے دی جائے، تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ طور پر الیکشن میں حصہ لینے کا موقع ملے۔

انتخابات کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن لڑکے استعفے دینا ہیں تو الیکشن کیوں لڑتے ہیں، ہم خود کو اپنے مینڈیٹ تک ہی محدود رکھنا چاہتے ہیں، فارن فنڈنگ پر تو پہلے ہی پابندی ہے، الیکشن کو شفاف بنانے کی خواہش ہے۔

انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر کمیٹی سفارشات کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دے دی جائے گی، انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے موثر تجاویز کو زیر غور لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں، ہمارا کام انتخابی اصلاحات کرنا ہے، سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانا نہیں۔

ایازصادق کا کہنا تھا کہ بے شمار چیزیں ثاقب نثار دور میں کی گئیں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار دور میں الیکشن سے متعلق متنازعہ فیصلوں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔