انٹیلی جنس بیورو کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

319

انٹیلی جنس بیورو کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل فواد اسداللہ خان نے ایک سالہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی ، جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ملکی اور غیرملکی عناصر سے خطرات کے مقابلے میں آئی بی کا کردار قابل تحسین ہے۔ قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں آئی بی نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وزیراعظم بننے کے بعد آئی بی کوقومی مفادات کے حوالے سے اضافی ٹاسک سونپے، جو اس نے کامیابی سے حاصل کیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر مجرمانہ سرگرمیوں کے تدارک، انسداد دہشت گردی میں آئی بی نے فعال کردار ادا کیا۔  بروقت اطلاعات کی فراہمی سے درست فیصلہ سازی میں بھی آئی بی کا شاندار کردار رہا۔ وزیراعظم نے فواد اسداللہ خان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور ادارے کو بہتر بنانے کی کاوشوں کی سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی غیرمعمولی کامیابیاں قابل فخر ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر آئی بی کے افسران اور عملے کو شاباش بھی دی۔

وزیراعظم نے آئی بی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ اور سلامتی کے لیے جام شہادت نوش کرنے والے شہدا پر قوم کو فخر ہے۔  اس موقع پر فواد اسداللہ خان نے وزیراعظم کے آئی بی پر اعتماد اور بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی ملک کی سب سے پرانی اور بڑی سویلین انٹیلی جنس ایجنسی ہے۔