اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت بھی پاکستان کو ترقی کی جانب بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔
وفاقی دارالحکومت میں گرین پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلمان کے لیے 2 ہی حالتیں ہوتی ہیں۔ ایک یہ کہ جب اس پر مشکل وقت آئے تو وہ صبر کرے اور دوسری یہ کہ جب اسے خوشی ملے تو وہ شکرگزار ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کے لیے مایوس ہونا اور امید چھوڑ دینا کفر ہے۔
آرمی چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارض پاک کو اللہ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت اسے ترقی کی راہ سے ہٹا نہیں سکتی۔ ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سرسبز کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ پاکستانی ایک باصلاحیت قوم ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ سب لوگ مل کر ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بہ حیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کے لیے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں۔ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں ۔ان شا اللہ ہمارے پاس ہر طرح کی صلاحیت موجود ہے جو پاکستان کو عروج پر لے جاسکتی ہے۔