کراچی: مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش سے موسم خوشگوار

497
different areas

کراچی: مون سون بارشوں کے تحت دوسرے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانی شدت کی بارش ہوئی،جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 17 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ 2 روز کے دوران مجموعی طورپر31ملی میٹربارش ہوچکی ہے۔ بارش کے باوجود گرمی کی شدت برقرارہے۔ ہفتے کو بھی ہوا میں نمی کاتناسب 76فیصد تک بڑھنے کے سبب شدید حبس رہی  اوراصل درجہ حرارت سے زائد(40ڈگری سینٹی گریڈ )گرمی محسوس کی گئی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

گزشتہ دنوں سندھ میں داخل ہونے والے مون سون کے پہلے باقاعدہ سسٹم کے تحت ہفتے کو دوسرے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں ملیر،گلشنِ حدید،پورٹ قاسم، قائد آباد، ڈیفنس، کلفٹن،آئی آئی چندریگرروڈ،مائی کولاچی،کراچی ائیرپورٹ، شاہ فیصل کالونی، گلشنِ حدید،قائد آباد، لانڈھی، بھینس کالونی سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی وکہیں درمیانی بارش ہوئی،شہر کے کچھ علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلودرہا۔

بیشترعلاقوں میں تیزدھوپ نکلیاور ان علاقوں میں دوپہر کے وقت شدید گرمی اورحبس رہی اوربارش کے باجود گرمی کی شدت میں نمایاں کمی نہیں ہوسکی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 76فیصد تک بڑھنے کے سبب شدید حدت رہی اورپارہ اصل درجہ حرارت سے 5ڈگری زیادہ گرمی محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ پارہ 35.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ہفتے کو بارش کے جاری اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 17ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔ 2 دنوں کے دوران شہر میں 31ملی میٹربارش ریکارڈ ہوچکی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ اتوار کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ پیرسے شہر کا مطلع کہیں جزوی اورکہیں مکمل ابرآلود رہنے اورصبح و رات کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔