نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پر تحلیل ہونگی اور الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کروائے گا۔نواز شریف کو سازش کے تحت نااہل کر کے ترقی کے عمل کو تباہ کیا گیا ۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے بڑا چیلنج یہ ہے کہ پاکستان کے سیاسی استحکام کو کیسے برقرار رکھیں۔ پاکستان کی معاشی بحالی کا عمل مستقبل سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، اب کوئی پاکستان کے سیاسی استحکام میں پتھر نہیں پھینکے گا۔ اپنے مقاصد۔ لالچ سیاسی ایجنڈا کے لئے بے یقینی پھیلانے کا موجب نہیں بنے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہماری عدلیہ، سیاست دان اور اپوزیشن بھی اس بات کو محسوس کریں گے پاکستان جس بحالی کے راستے گامزن ہے اس کی حفاظت کرنا اکیلے حکومت کی ذمے داری نہیں ہے بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ جو ملک کے اندر سیاسی شرپسندی پیدا کرے پوری قوم کا فرض اس مقابلہ کریں، اس کا راستہ روکیں۔ جو کھیل پاکستان کے ساتھ بار بار کھیلا جاتا ہے اس کو مزید برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں پاکستان ٹیک آف کے لیے تیار تھا لیکن سازش کرکے ایک اناڑی، نا تجربہ کار، نالائق کو ملک پر مسلط کرکے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا ۔