کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے 2 لاپتا افراد سے متعلق درخواستوں پر شہریوں کی بازیابی کے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔
جسٹس آغا فیصل اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو 2 لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے وکلا نے موقف دیا کہ سید خرم علی کاظمی ملیر سٹی کے علاقے سے یکم جون جب کہ عمر بن خالد فیروز آباد کے علاقے سے 20 جون سے لاپتا ہیں۔ دونوں شہریوں کو بازیاب کرایا جائے۔
دوران سماعت تفتیشی افسران نے پیش رفت پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی، جس پر عدالت نے لاپتا افراد کا سراغ نہ لگانے پر اظہار برہمی کیا۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو 2 ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے دونوں لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر کو بھی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔