سلیکٹڈ میئر پانی کی فراہمی ممکن بنائیں، ٹاؤن چیئرمینز جماعت اسلامی کراچی

581
water supply

کراچی: جماعت اسلامی کے شہر قائد سے منتخب ٹاؤن چیئرمیز نے کہا ہے کہ عوام بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں، سلیکٹڈ میئر پانی کی فراہیمی ممکن بنائیں.

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے9نومنتخب ٹاؤن چیئرمینز، چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبد الجمیل خان، چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان، چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد، چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف، چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع، چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر، چیئرمین ماڈل کالونی ظفر احمد خان نے شہر میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی اوربحران پر مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عوام بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں، نلکوں میں تو پانی نہیں آتا لیکن ٹینکروں کے ذریعے پانی مل جاتا ہے.

جماعت اسلامی کراچی کے ٹاؤن چیئرمینز کا کہنا تھا کہ شہر کے اکثرمقامات پر لیکیجز موجود ہے جس کے باعث بڑے پیمانے پر پانی ضائع ہوجاتا ہے، کراچی کے شہری طویل عرصے سے پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہے، پانی کی منصفانہ تقسیم کا کوئی نظام ہی نہیں ہے.

ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ میئر مرتضیٰ وہاب اگرچہ اب واٹر بورڈ کے چیئرمین بن گئے ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی کا نظام بنائیں اور جہاں جہاں پانی کی لائنوں میں رکاوٹیں ہیں انہیں ٹھیک کیا جائے تاکہ پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل ہوسکے۔ بصورت دیگر ہم پانی کے بحران کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

ٹاؤن چیئرمینز کا مزیدکہاکہ شدید حبس اور گرمی کے موسم میں شہری پہلے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں دوسری جانب شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ہے،و فاقی و صوبائی حکومتوں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔