فیصلے باہر ہوں وہ ملک کے مفاد میں نہیں، عوام کو اختیار دیا جائے، سراج الحق

371

لاہور:امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ دو صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرکے پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو ون ویلنگ کا موقع پی ٹی آئی نے فراہم کیا۔ 2023 ء میں قومی انتخابات نہ ہوئے تو سیاست دان بلدیاتی الیکشن ہی لڑیں گے۔

منصورہ میں منشور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس اب بھی موقع ہے پائیدار جمہوریت کے قیام کے لیے مذاکرات کاراستہ اختیار کریں، جو فیصلے باہر ہوں وہ ملک کے مفاد میں نہیں، عوام کو اختیار دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ  سیاست سرمایہ کی بنیاد پر نہیں خدمت اور کردار پر ہونی چاہیے، مفادات کے لیے سیاست کرنے والوں کا نام تاریخ کے کوڑے دان میں ملے گا، جماعت اسلامی کا منشور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے مقصد کو مدنظررکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے جو قوم کے لیے امید کی شمع ہے، اقتدار میں آ کر منشور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تمام سیاسی جماعتوں سے پہلے الیکشن منشور دیا، ہمارے یہاں سیاسی پارٹیاں پہلے بن جاتی ہیں نظریات اور منشور بعد میں آتے ہیں، ملک کے مسائل کی بڑی وجہ نظریاتی سیاست کی عدم موجودگی ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ 13 جماعتوں کا اتحاد وقتی مفادات کے لیے وجود میں آیا، الیکشن کا اعلان ہوتے ہی ان کا شیرازہ بکھر جائے گا، موجودہ اور سابقہ حکمران جماعتوں کی پالیسیوں میں کوئی اختلاف نہیں، قوم ان کو اچھی طرح پہچان لے۔